کشمیری انجینئرکا سعودی عرب میں انتقال، اہل خانہ کا میت کی فوری واپسی کا مطالبہ
سرینگر 28مارچ (کے ایم ایس) غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں ضلع کولگام کے علاقے یاری پور سے تعلق رکھنے والے ایک انجینئرسعودی عرب میں انتقال کرگئے ہیںاوران کے اہلخانہ نے مرحوم کی میت کی فوری واپسی کا مطالبہ کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق 26سالہ انجینئرمستکین احمد پنڈت اتوار کو سعودی عرب میں انتقال کر گئے۔پنڈت وہاں انجینئر کے طور پر کام کر رہے تھے اور 26اور27 مارچ کی درمیانی رات کو دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔مرحوم انجینئر کے رشتہ دار شوکت احمد نے صحافیوںکو بتایا کہ مستکین ریاض کی الیمامہ کمپنی میں گزشتہ دو سال سے کام کر رہے تھے۔ وہ پچھلے سال ستمبر میں گھرآئے تھے اور کل ہمیں معلوم ہوا کہ وہ سعودی عرب میں اپنی رہائش گاہ پر دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے ہیں۔ان کے اہل خانہ نے حکام سے مطالبہ کیا کہ مرحوم کی میت کی فوری واپسی کے لئے انتظامات کئے جائیں۔