راہل گاندھی کی مودی اور کرناٹک حکومتوں پر کڑی تنقید
بنگلورویکم اپریل(کے ایم ایس)
بھارت میںکانگریس پارٹی کے لیڈر راہل گاندھی نے بھارت میں مودی حکومت اور کرناٹک کی ریاستی حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاہے کہ کرناٹک میں ملک کی بدعنوان ترین حکومت قائم ہے ۔
راہل گاندھی نے بنگلورو میں پارٹی لیڈروں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ نریندر مودی انتخابات کے دوران بدعنوانی کی بات کرتے تھے او ر اگر اب انہوں نے ملک خصوصا ًکرناٹک میں بدعنوانی کے خاتمے کی بات کی تو لوگ ان پر ہنسنا شروع کردیں گے ۔راہل گاندھی نے کہا کہ مودی حکومت بھارت کے غریب عوام کا پیسہ ان سے چھین کر تین چار بڑے صنعت کاروں کے حوالے کرناچاہتی ہے ۔انہوں نے ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری کے مسئلے پر بھی بی جے پی حکومت کوکڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔ انھوں نے کہا کہ آج بھارت کا سب سے بڑا مسئلہ مہنگائی اور بے روزگاری ہے۔ کانگریس پارٹی کے لیڈر نے کہاکہ مودی حکومت کے نوٹ بندی، غلط جی ایس ٹی اور زرعی قوانین جیسے متنازعہ فیصلوں کی وجہ سے بھارت کو بہت نقصان اٹھانا پڑا ہے ۔انہوں نے کہاکہ آج بھارت کی حالت یہ ہے کہ بی جے پی حکومت عوام کو روزگار نہیں دے سکتی کیونکہ اس نے چھوٹی صنعتوں کو ختم کر دیا ہے۔