کرناٹک: حجاب اور حلال گوشت کے بعد ہندو انتہاپسندوں نے مساجد کے لائوڈ اسپیکرہٹانے کا مطالبہ کر دیا
بنگلورو04 اپریل (کے ایم ایس)
بھارتی ریاست کرناٹک میں مسلمان طالبا ت کے حجاب پر پابندی اورحلال گوشت کے خلاف مہم کے بعد ہندو انتہاپسند تنظیموں بجرنگ دل اور سری رام سینا نے مساجد کے لائوڈ اسپیکروں پر پابندی کا مطالبہ کیا ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مہاراشٹر میں مساجد سے لائوڈ اسپیکر ہٹانے کے مطالبے کے بعد اب کرناٹک میں بھی ہندو انتہاپسند تنظیموں بجرنگ دل اور سری رام سینا نے مساجد کے لائوڈ اسپیکروں پر پابندی کا مطالبہ کردیا ہے ۔مہاراشٹر نونرمان سینا کے صدر راج ٹھاکرے نے مساجد سے لائوڈ اسپیکر ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگرایسا نہیں کیا گیا تووہ لائوڈ اسپیکر پر اذان سے قبل قبل ‘ہنومان چالیسہ’پڑھیں گے۔سری رام سینا کے ریاستی صدر سدالنگا سوامی جی نے مطالبہ کیا کہ جو لوگ لائوڈ اسپیکر کے ذریعے اذان دے رہے ہیں ان کے خلاف فوری کارروائی کی جانی چاہیے۔ ان کاکہنا تھا کہ اذان سے عام لوگوں کو پریشانی ہوتی ہے اور وہ صوتی آلودگی پیدا کرنے کا سبب بھی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ رمضان کے دوران مساجد کے سائرن کا استعمال بھی لوگوں کو پریشان کرتا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ریاست کو قدم اٹھانا چاہیے اور کارروائی کرنی چاہیے۔