کرناٹک: حکومت نے باحجاب اساتذہ کو امتحانات کی نگرانی کی ڈیوٹیوں سے روک دیا
بنگلورو 05اپریل (کے ایم ایس)
بھارتی ریاست کرناٹک کی حکومت نے تعلیمی اداروں میں مسلم طالبات کے حجاب پر پابندی کے بعد اب ایک اور متنازعہ فیصلے میں باحجاب مسلم خواتین اساتذہ کو امتحانات کی نگرانی کی ڈیوٹیوں سے روک دیا ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ٹائمز آف انڈیا نے کرناٹک کے وزیر تعلیم بی سی ناگیش کے بیان کے حوالے سے کہاہے کہ کیونکہ ہائی کورٹ نے تعلیمی اداروں میں مسلم طالبات کے حجاب کو ممنوع قراردینے کے فیصلے کو برقراررکھا ہے لہذا باحجاب ٹیچروں سے امتحانات کی نگرانی کی ڈیوٹیاں نہ لینے کا فیصلہ کیاگیا ہے ۔
واضح رہے کہ کرناٹک ہائی کورٹ نے15مارچ کواپنے فیصلے میں تعلیمی اداروں میں مسلم طالبات کے حجاب پر پابندی کو یہ کہتے ہوئے برقرار رکھا تھا کہ حجاب اسلام کا بنیادی جزو نہیں۔ مسلم طالبات نے ہائی کورٹ کے اس حکم کو بھارتی سپریم کورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے تاہم ابھی اس مقدمے کی سماعت نہیں ہو سکی ہے ۔ ہائی کورٹ کے احکامات کے خلاف حجاب پہننے والی طالبات کو کلاسیں لینے اور اپنے امتحانات دینے سے روک دیاگیاہے۔