بھارت

بھارت : بہار میں مندر کے پجاری کا قتل، حملہ آور مورتیوں سمیت تمام زیورات لے اڑے

پٹنہ05 اپریل (کے ایم ایس)بھارتی ریاست بہار میں بی جے پی اور جنتا دل یو نائیٹڈکی نتیش کمار حکومت کے تمام دعوئوں کے باوجود جرائم میں کوئی کمی نہیں ہو رہی اورتازہ ترین واقعے میںپیر کے روز جرائم پیشہ افراد نے ریاست کے ضلع سارن میں ایک مندر کو نشانہ بنایا جہاں حملہ آوروں نے پجاری کوقتل کر دیا اور مندر میں موجود مورتیاںاور زیورات لوٹ کر فرار ہو گئے۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق پولیس کے ایک اعلی افسر نے بتایا کہ ضلع کے افار گائوں میں واقع قدیم رام جانکی مندر میں پجاری گورکھناتھ داس شام کی پوجا کے بعد کھانا کھا کرسو گئے۔رات دیر گئے جرائم پیشہ افراد مندر میں داخل ہوئے اور قیمتی مورتیاں و زیورات لوٹ کر چلتے بنے۔ بتایا جاتا ہے مندر کے پجاری 75سالہ گورکھناتھ داس نے مزاحمت کی جس کے بعد حملہ آوروں نے ان کو قتل کر دیا اور فرار ہو گئے۔ صبح جب گائوں کے لوگ پوجا کے لئے مندر پہنچے تو انھیں واقعے کا پتہ چلا۔ گائوں میںواقعے کی خبر پھیلتے ہی مندر میں لوگوں کا ہجوم امنڈا یا اوراس کے بعد پولیس کو مطلع کیاگیا۔ پولیس نے لاش قبضے میں لے کر جائے وقوعہ کا معائنہ کیااور تفتیش شروع کر دی۔ پولیس افسر نے بتایا کہ پورے معاملے کی تفتیش کی جا رہی ہے۔ پجاری کی لاش کو پولیس نے اپنے قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال بھیج دیا ہے۔ واقعے کے بعد پولیس کے خلاف لوگوں میں زبردست غم و غصہ پایاجاتاہے۔یہ بات قابل ذکرہے کہ علاقے میں ایک ہفتہ قبل ہی جرائم پیشہ افراد نے کاشی بازار میں واقع پی این جیولرز میں گھس کر تقریبا ایک کروڑ روپے مالیت کے زیورات لوٹ لیے تھے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button