تری پورہ میں مسلمانوں کیخلاف پر تشدد واقعات پر راہل گاندھی کی مودی حکومت پر کڑی تنقید
نئی دلی 29 اکتوبر (کے ایم ایس)
بھارت میں کانگریس پارٹی کے رہنما راہل گاندھی نے ریاست تری پورہ میں مسلمانوں کے خلاف پرتشدد واقعات پرمودی حکومت پرکڑی تنقید کی ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق راہل گاندھی نے ایک ٹویٹ میں تری پورہ میں انتہا پسند ہندوئوں کی طرف سے کم سے کم 16مساجد ، مسلمانوں کے 12سے زائد گھروں اور دکانوں پرحملوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہاہے کہ مودی حکومت کب تک اندھی اور بہری ہونے کا ناٹک کرتی رہے گی۔انہوں نے کہاکہ ہند و ازم کے تحفظ کی آڑ میں نفرت اور تشددپھیلانے والے ہندو نہیں بلکہ منافق ہیں۔ انہوں نے کہاکہ تری پورہ میں مسلمانوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے اور ہندو مذہب کے نام پر نفرت اور تشدد پھیلانے والے ہندو نہیں بلکہ منافق ہیں۔ انہوں نے تری پورہ فسادات#کا ہیش ٹیک استعمال کرتے ہوئے کہاکہ مودی حکومت کب تک اندھی اور بہری ہونے کا ناٹک کرتی رہے گی ۔