سیدعلی گیلانی اور شیخ تجمل الاسلام کو شاندار خراج عقیدت
سرینگر10 ستمبر (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیںحریت رہنمائوں اور تنظیموں کی طرف سے بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی اور ممتاز صحافی ، دانشور اور کشمیر میڈیا سروس کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر شیخ تجمل الاسلام کو شاندار خراج عقیدت پیش کرنے کا سلسلہ جاری ہے جن کا حال ہی میں انتقال ہوگیاتھا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سینئر حریت رہنما غلام محمد خان سوپوری نے سرینگر میں سید علی گیلانی کی یاد میں منعقدہ ایک تعزیتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیدعلی گیلانی کے انتقال سے کشمیری عوام ایک عظیم رہنما سے محروم ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی حق پر مبنی جدوجہد آزادی کیلئے سیدعلی گیلانی کی خدمات اور قربانیوںکو جموں وکشمیر کی تاریخ میں سنہرے الفاظ میں لکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی نے بھارتی ظلم وجبر کے سامنے ہارنہیں مانی اورانہوں نے جدوجہد آزادی کشمیر کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا۔
جموں و کشمیر پیپلز موومنٹ کے چیئرمین میر شاہد سلیم نے جموں میں بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی اور معروف صحافی ، دانشور اور کشمیر میڈیا سروس کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر شیخ تجمل الاسلام کی قربانیوں اور خدمات کی یاد میں منعقدہ ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ انہیں کشمیر کاز کیلئے ان کے غیر متزلزل عزم پر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ شیخ تجمل الاسلام نے علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر کشمیری عوام کا مقدمہ لڑنے کیلئے جموں و کشمیر سے ہجرت کی ۔ انہوںنے کہاکہ ہر کشمیری ان کا مقروض ہے اور جدوجہد آزادی کشمیر کیلئے ان کی خدمات کو سنہری الفاظ سے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
دریں اثنا حریت رہنما خواجہ نعیم الحسن نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں سید علی گیلانی اورشیخ تجمل الاسلام کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی بلندی درجات اور سوگوار خاندانوں کیلئے صبر عظیم کی دعا کی ہے ۔