بھارت : مسلمان خواتین کی عصمت دری کی دھمکی دینے والے ہندو پجاری کے خلاف مقدمہ درج
لکھنو09 اپریل (کے ایم ایس) بھارتی ذرائع ابلاغ نے پولیس کے حوالے سے کہا ہے کہ ریاست اتر پردیش میں مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز تقریر کرنے اور مسلمان خواتین کی عصمت دری کی دھمکی دینے والے ہندو پجاری کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق خیرآباد قصبے میں مہارشی شری لکشمن داس اداسین آشرم کے مہنت بجرنگ منی داس نے اپنی نفرت انگیز تقریر میں مسلمان خواتین کو عصمت دری کی دھمکی دی تھی جس کی ویڈیو سوشل میڈیاپروائرل ہوگئی۔ وائرل ہونے والی ویڈیو میں زعفرانی لباس میں ملبوس یہ پجاری مسلمانوں کے خلاف زہر اگل رہا ہے اورمسلمان خواتین کو اغوا کرنے اوران کی عصمت دری کرنے کی دھمکی دے رہا ہے۔ یہ ویڈیو 7اپریل 2022ء کو سوشل میڈیا پروائرل ہوگئی۔مہنت بجرنگ منی داس کے خلاف خیرآباد میں نفرت انگیز تقریرکرنے پر مقدمہ درج کیا گیا ہے، تاہم اس کو ابھی تک گرفتارنہیں کیاگیا۔ ایڈیشنل سپرانٹنڈنٹ آف پولیس سیتا پور راجیو دکشت نے کہاکہ شواہد جمع کرنے اور انکوائری کے بعد پولیس اس کے مطابق کارروائی کرے گی۔