بی جے پی راجستھان میں آگ بھڑکانے کی کوشش کر رہی ہے: اشوک گہلوٹ
جے پور10 اپریل (کے ایم ایس)بھارتی ریاست راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوٹ نے کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی ریاست میں تشدد کی بنیاد پر اقتدار میں آنے کا خواب دیکھ رہی ہے۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق اشوک گہلوٹ نے بیکانیر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کرائولی تشدد کا حوالہ دے کر کہا کہ بی جے پی ماحول کو پرسکون کرنے کے بجائے اسے خراب کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہلی میں بیٹھے بی جے پی رہنمائوںنے راجستھان میں اپنے پارٹی رہنمائوں کو ہدایت کی ہے کہ ریاست میں آگ بھڑکائی جائے تاکہ وہ یہاں اپنی حکومت بناسکیں۔انہوں نے کہاکہ جمہوریت کہاں ہے؟ بی جے پی مذہب کے نام پر تشدد کو ہوا دے کر اقتدار پر قبضہ کرنا چاہتی ہے۔ مہنگائی اور بے روزگاری جیسے سلگتے مسائل سے اس کا کوئی تعلق نہیں۔ اشوک گہلوٹ نے ملک بھر میں پیدا ہونے والی تازہ ترین صورتحال پرکہا کہ ملک میں ایک انتہائی خطرناک دور چل رہا ہے۔ اپنی مقبولیت کے لیے بی جے پی ایشوز کو مذہبی رنگ دے رہی ہے۔انہوںنے کہا کہ وہ پوچھنا چاہتے ہیں کہ بی جے پی جگہ جگہ کشیدگی پیدا کرکے ملک کو کہاں لے جانا چاہتی ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ چاہے بی جے پی راجستھان میں آگ بھڑکانے کی کتنی ہی کوشش کرے ہم ان کے منصوبوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔