انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر کا میرواعظ عمر فاروق کی فوری رہائی کا مطالبہ
سرینگر12 اپریل (کے ایم ایس)انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر نے اپنے سربراہ میرواعظ عمر فاروق کو مسلسل گھر میں نظربند رکھنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیاہے۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق انجمن اوقاف نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا کہ میرواعظ کشمیر کی مسلسل نظر بندی کی وجہ سے ماہ رمضان کے عشرئہ رحمت کے آخری دن تاریخی آستانہ عالیہ دستگیر صاحب میں امسال بھی وعظ و تبلیغ کی خصوصی مجلس کا اہتمام کرنا ممکن نہیں ہو سکا جو کشمیری عوام کیلئے بیحد تکلیف دہ اور باعث اضطراب ہے۔انجمن نے ماہ رمضان کے خیر و برکت کے مہینے میں میرواعظ کی غیر اخلاقی نظر بندی ختم کرنے کا عوامی مطالبہ دہرایاتاکہ موصوف اپنے فرائض منصبی پر امن طور پر انجام دے سکیں۔
دریں اثناء انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر نے ام المومنین حضرت خدیجتہ الکبری کے یوم وصال پر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ انجمن نے دین اسلام ، پیغمبر اسلام حضرت محمد ۖ اور تحریک اسلامی کے لئے ام المومنین حضرت خدیجتہ الکبری کی تاریخ ساز ، بے لوث اور عظیم خدمات کو ناقابل فراموش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ام المومنین اولین مومنہ اور اسلام کی سب سے بڑی محسن ہیں جنہوں نے اپنا تن ، من، دھن سب کچھ دین اسلام اور پیغمبر اسلام ۖ پر نچھاور کردیا۔