نئی دہلی:مسلمانوں پر تشدد کیخلاف جامعہ ملیہ اسلامیہ میں مظاہرہ
نئی دہلی14 اپریل (کے ایم ایس)بھارت میں جاری نفرت انگیز ماحوال اور مسلمانوں پر ہونے والے ظلم و تشدد کے خلاف نئی دہلی کی جامعہ ملیہ اسلامیہ میں احتجاجی مارچ کیا گیا۔ مختلف طلبہ تنظیموں کی طرف سے نکالے گئے مارچ میں بھارت میں بڑھتے ہوئے تشدد کے واقعات کی پرزور مذمت کی گئی اور حکومت کے خلاف غم وغصے کا اظہار کیا گیا۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق مارچ میں سی ایف آئی، آئیسا، ایس آئی او کے علاوہ دیگر طلبہ تنظیموں کے ارکان شامل تھے۔ سٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا (ایس آئی او)جامعہ ملیہ اسلامیہ کے صدر مصدق مبین نے مارچ کی غرض و غایت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ بھارت میں بڑھ رہی نفرت کی فضااور مسلمانوں پر ہونےو الے ظلم و ستم کے پے در پے واقعات یہاں کے قانون ، عدلیہ او ر انتظامیہ پر سوالیہ نشان ہیں۔ انہوںنے کہا کہ اس وقت پورے بھارت میں لاقانونیت کی فضا ہے اور مسلمانوں کو طرح طرح سے پریشان کیا جا رہا ہے جو ہمارے لیے انتہائی تشویشناک ہے۔