میر واعظ یوسف شاہ کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے دعائیہ مجلس کا اہتمام
سرینگر 19اپریل (کے ایم ایس) غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں عوامی مجلس عمل نے ممتاز سیاسی و مذہبی رہنمامہاجر ملت و مفسر قرآن میرواعظ مولانا محمد یوسف شاہ کو ان کی55ویں برسی پر خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے جامع مسجد سرینگر میں ایک خصوصی دعائیہ مجلس کا اہتمام کیا۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق اس موقع پر قرآن خوانی کے علاوہ اور مرحوم مفسر قرآن کے ساتھ ساتھ شہید ملت میرواعظ مولوی محمد فاروق اور دیگر شہدائے کشمیرکے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعاکی گئی ۔ مجلس میںلوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر لوگوں نے تنظیم کے سربراہ میر واعظ عمر فاروق کی 5 اگست 2019سے مسلسل گھر میں نظربندی کے خلاف شدید غم وغصے کا اظہار کیا۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ میر واعظ یوسف شاہ کی یاد میںحسب روایت17 رمضان المبارک کو سرینگر کی تاریخی عالی مسجد عیدگاہ میں منعقد ہونے والی تقریب میر واعظ کی نظربندی کے باعث نہیں ہوسکتی۔ لوگوںنے رمضان المبارک کے آخری جمعہ جمعة الوداع اور شب قدر کے پیش نظر میر واعظ عمر فاروق کی غیر مشروط رہائی کے اپنے مطالبے کا اعادہ کیا تاکہ وہ اپنی مذہبی ذمہ داریاں پوری کر سکیں۔
دریں اثنا ء کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کشمیر کاز اور کشمیری معاشرے کی بہتری کے لیے مولانا یوسف شاہ کی خدمات اورکردار کو سراہا۔ انہوں نے غزوہ بدرکے شہدا کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ کے رہنما محمود احمد ساغر نے بھی اسلام آباد میں ایک بیان میں میر واعظ یوسف شاہ کو خراج عقیدت پیش کیا۔