بی جے پی کے دور میں اتر پردیش جرائم پردیش بن گیا ہے: اکھلیش یادو
لکھنو 21اپریل (کے ایم ایس)
بھارت میں سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے کہا ہے کہ ملک میں بی جے پی کی حکومت میں جرائم کا گراف تیزی سے بڑھتا جا رہا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اکھلیش یادو نے ایک بیان میں کہا کہ یوپی کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کا جرائم کے خلاف زیر و ٹالیرنس کا دعویٰ ایک بڑے زیرو میں تبدیل ہو گیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی کے زیر اقتدار اترپردیش جرائم پردیش بن گیا ہے۔ مافیا پولیس اور انتظامیہ کی ملی بھگت سے تمام عدالتی اور آئینی اقدار بکھرچکی ہیں۔ لوگوں میں دہشت اور ریاست میں خوف و عدم تحفظ کا ماحول ہے۔انہوں نے کہاکہ بی جے پی کے حکمرانوں کے دوراقتدار میں بیٹیوں کا بھی جینا دشوار ہوگیا ہے۔ اکھلیش یادو نے بریلی میں ایک سپاہی کی طرف سے ایک لڑکی کے موبائل اور اسکوٹی کو توڑنے کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ عوام کے محافظ ہی لٹیرے بن چکے ہیں ۔ انہو ں نے کہاکہ سچ تو یہ ہے کہ بی جے پی حکومت کے دور میں ریاست میں جرائم میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ اقتدار کے نشے میں دھت بی جے پی کواب نظم وضبط یا آئین کی بھی کوئی پرواہ نہیں ہے۔