اذان کے وقت ہندومذہبی بھجن کی اجازت نہ دینے پر کمشنرپولیس ناسک کا تبادلہ
ممبئی 21اپریل(کے ایم ایس)
بھارتی ریاست مہاراشٹرمیں لائوڈاسپیکرپراذان کے وقت کسی کو بھی لائوڈاسپیکر سے ہنومان چالیسہ یا بھجن بجانے کی اجازت نہ دینے کا حکم جاری کرنے پر کمشنر پولیس ناسک کا تبادلہ کردیا گیاہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارت میں لائوڈاسپیکرپراذان دینے پر جاری تنازعہ کے درمیان گزشتہ دنوں ناسک کے پولیس کمشنر دیپک پانڈے نے حکم جاری کیا تھا کہ اذان کے وقت کسی کو بھی لائوڈاسپیکر سے ہنومان چالیسہ یا بھجن بجانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔جس کے بعد ریاستی حکومت کی جانب سے 40 سینئر افسروں کی تقرریاں اور تبادلے کئے گئے اور اس فہرست میں ناسک پولیس کمشنر دیپک پانڈے کا نام بھی شامل ہے۔خیال کیاجارہا ہے کہ مہاراشٹر حکومت نے ناسک میں مسجدوں کے 100 میٹر کے دائرے میں اذان سے 15منٹ پہلے اور بعد میں لائوڈاسپیکر پر کوئی بھی ہندومذہبی بھجن یا گانا نہ بجانے کا حکم دینے پر انہیں انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا ہے۔