آزاد کشمیر

مودی کا دورہ مقبوضہ کشمیر کشمیریوں کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے، وزیر اعظم آزاد جموں وکشمیر

میرپورآزاد جموںوکشمیر21 اپریل (کے ایم ایس) آزاد جموں کشمیر کے نومنتخب وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا مقبوضہ جموں و کشمیر کا دورہ کشمیریوں کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اعظم نے مودی کے دورے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری اس دن کو یوم سیاہ کے طور پر منائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ کشمیریوں کی منظم نسل کشی کو روکنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے کشمیر میں ظلم وستم کی تمام حدیں پار کر دی ہیں۔ سردار تنویر الیاس خان نے جبری گمشدگیوں، جعلی مقابلوں میں نوجوانوں کے قتل کا ذکر کرتے ہوئے نے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں ہزاروں گمنام اجتماعی قبریںکشمیریوں کے خلاف بھارتی جبر و استبداد کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اعظم نے کہا کہ ایک ایسے وقت میں جب بھارتی قابض فورسز کشمیریوں کی نسل کشی میں مصروف ہیں، مودی کا دورہ کشمیریوں کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ دورہ بی جے پی حکومت کی طرف سے بین الاقوامی برادری کو دھوکہ دینے کی کوشش ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں سب ٹھیک ہے۔سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم کے مقبوضہ علاقے کے دورے کے موقع پر کنٹرول لائن کے دونوں اطراف یوم سیاہ منایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری اس وقت تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے جب تک وہ بھارتی قبضے سے آزادی کا اپنا اہم مقصد حاصل نہیں کر لیتے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button