کشمیر بھارت کا ہرگز اندرونی معاملہ نہیں ، خطے میں دیرپاامن کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر
#KashmirFlashpoint
اسلام آباد: جموں وکشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ ایک متنازعہ خطہ ہے ، بھارت نے طاقت کے بل پر اس پر قبضہ جما رکھا ہے اور کشمیر ہرگز اسکا اندرونی معاملہ نہیں ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کی جانب سے آج جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تصفیہ طلب مسئلہ کشمیر جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے لیے ایک سنگین خطرہ ہے۔تنازعہ کشمیر اب تک حل نہ ہونے کی وجہ سے نہ صرف کشمیری سخت مسائل و مشکلات سے دوچار ہیں بلکہ جنوبی ایشیا مسلسل ایک بے یقینی کی صورتحال سے دوچار ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ خطے میں پائیدار امن وسلامتی کو یقینی بنانے کیلئے مسئلہ کشمیر کا کشمیریوں کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل ناگزیر ہے۔
کے ایم ایس رپورٹ میں افسوس اظہار کیا گیا کہ بھارت کشمیریوں کی جائز خواہشات کو دبانے کے لیے فوجی طاقت کا وحشیانہ استعمال کر رہا ہے ، بھارت کی ہٹ دھرمی اور غیر حقیقت پسندانہ رویہ مسئلے کشمیر کے حل میں بنیادی رکاوٹ ہے۔ رپورٹ میں کہا کہ عالمی برادی کی مجرمانہ خاموشی کیوجہ سے بھارت کو نہتے کشمیریوں پر مظالم جاری رکھنے کی شہ مل رہی ہے ، عالمی برادری کو چاہے کہ وہ اپنی خاموشی ترک کر کے مقبوضہ علاقے کی ابتر صورتحال کا نوٹس لے اور مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے بھارتی قیادت پر دباﺅ ڈالے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ کشمیری بھارت کی تمام تر چیرہ دستیوں کے باوجود اپنی تحریک مزاحمت عزم وہمت سے آگے بڑھا رہے ہیں ، بھارتی مظالم انکے جذبہ آزادی کو دبانے میں ناکام ہو چکے ہیں۔