بھارت پاکستان میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی ، مالی معاونت اورسرپرستی کررہا ہے: رپورٹ
اسلام آباد12 ستمبر (کے ایم ایس) بھارت پاکستان میں دہشت گردی کی مالی معاونت، منصوبہ بندی اورکارروائیاں کرتا رہا ہے اور پاکستان نے ملک بھر میں دہشت گرد حملوں میں بھارت کے ملوث ہونے کے ناقابل تردید ثبوت پیش کیے ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کی طرف سے آج جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ بھارت نے افغانستان کی سرزمین سے پاکستان کے خلاف دہشت گردی کو فروغ دے کر بین الاقوامی معاہدوں کی خلاف ورزی کی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت نے پاکستان کو غیرمستحکم کرنے کے لئے افغانستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے اور پاکستان کے خلاف اپنے ظاہر اور پوشیدہ مقاصد کو حاصل کرنے کے لئے افغانستان میںترقیاتی منصوبوں کی آڑ میں ایک نیٹ ورک قائم کیا ہے۔یہ ایک تسلیم شدہ حقیقت ہے کہ بھارت نے تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی)کے عناصر کی حمایت کی تاکہ ان کو پاکستان کے خلاف اپنے مذموم عزائم کے لئے متبادل کے طورپر استعمال کیا جائے۔رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ پاک افغان سرحد کے قریب بھارتی قونصل خانے قائم کئے گئے جن کا مقصد پاکستان میں دہشت گرد حملے کرانا تھا۔ رپورٹ میں افسوس کااظہارکیاگیا کہ بھارت نے پاکستان کے خلاف اپنے مذموم عزائم کی تکمیل کےلئے داعش اورٹی ٹی پی جیسے عناصرکو اپنے آلہ کاروں کے طور پر استعمال کرنے کے لئے ان کی حمایت کی اوران کو تربیت دی۔ افغان فورسز کی تربیت کی آڑ میں اس نے داعش اور ٹی ٹی پی کے عناصر کو تربیت دی اور مبینہ طور پر تقریبا 300 افراد اب بھی بھارت میں زیر تربیت ہیں۔رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“افغانستان میں بھارتی قونصل خانوں کوپاکستان میںدہشت گرد کارروائیوںکے لئے لانچنگ پیڈ کے طورپر استعمال کرتی تھی اور بھارتی جاسوس کلبھوشن یادو نے بھی کئی دہشت گردکارروائیوں کی منصوبہ بندی اور کنٹرول افغانستان سے کرنے کا اعتراف کیاتھا ۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت نے پاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کے لئے لاہور دھماکے، داسو اور گوادر حملوں اور دیگر دہشت گرد کارروائیوں کی منصوبہ بندی کی لیکن افغانستان میں طالبان کی فتح کے بعد پاکستان کے خلاف مودی حکومت کے منصوبے ناکام ہوگئے ہیں۔