مغلوں کی تاریخ کو مٹایا نہیں جا سکتا: فاروق عبداللہ
سرینگر09اپریل(کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ مغلیہ تاریخ کو مٹایا نہیں جا سکتا اور اس طرح کے اقدامات سے بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت خود اپنے پائوں پر کلہاڑی ماررہی ہے۔
فاروق عبداللہ نے ضلع اسلام آباد کے علاقے لارنو میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ شاہ جہاں، اورنگزیب، اکبر، بابر، ہمایوں اور جہانگیر کو کیسے بھولیں گے۔انہوں نے 800سال تک بھارت پر حکومت کی اور کسی ہندو، مسلمان، سکھ یا عیسائی کی زندگی کو کوئی خطرہ محسوس نہیں ہوا۔ جب تاج محل دکھائیں گے تو کیا کہیں گے کس نے بنایا؟ وہ فتح پور سیکری کے بارے میں کیا کہیں گے جہاں دہلی جانے سے پہلے مغلوں کا تاج تھا۔فاروق عبداللہ نے کہاکہ وہ ہمایوں کا مقبرہ اور لال قلعہ کیسے چھپائیں گے؟ وہ اپنے ہی پائوں پر کلہاڑی مار رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ تاریخ نہیں بدلے گی۔ ہم نہیں رہیں گے لیکن تاریخ رہے گی۔ سرینگر سے بھارتی پارلیمنٹ کے رکن نے کہا کہ اگر اپوزیشن پارٹیاں بی جے پی کے خلاف الیکشن جیتنا چاہتی ہیں تو انہیں متحد ہونا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ بات چیت جاری ہے اور میں دیکھ سکتا ہوں کہ اتحاد کے محاذ سے اچھے نتائج آئیں گے۔