بھارت

بھارت :اترپردیش میں دو سالہ بچی سمیت ایک ہی خاندان کے 5افراد کا بہیمانہ قتل

الہ آباد25 اپریل (کے ایم ایس)بھارتیہ جنتا پارٹی کے زیر اقتدار ریاست اتر پردیش میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کو تیز دھار والے ہتھیار سے قتل کر دیا گیاہے جس پر حزب اختلاف شدید تنقید کر رہی ہے ۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق تھانہ تھروائی کو صبح ساڑھے پانچ بجے کے قریب اطلاع موصول ہوئی کہ ایک گھر میں چار سے پانچ افراد کو مردہ حالت میں دیکھا گیاہے۔پولیس کے سینئر سپرانٹنڈنٹ اجے کمار نے بتایا کہ وہاں پہنچ کر پولیس نے گھر کے55سالہ سربراہ راجکمار ، اس کی25سالہ بیٹی منیشا ،اس کی 50سالہ بیوی کسم ، 30سالہ بہو سویتااوردوسالہ پوتی میناکشی کو مردہ پایا۔یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب راجکمار کا بیٹا سنیل ایک شادی میں شرکت کے لیے گیا ہوا تھا۔ ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ ابتدائی طور پر ایسا لگتا ہے کہ مقتولین کو ڈنڈے یا کسی آہنی ہتھیار سے مارا گیا ہے اور ان کے سروں پر بھی چوٹ کے نشانات ہیں۔ ایس ایس پی نے کہا کہ قتل کیسے ہوئے ا اس کی تفصیلات پوسٹ مارٹم کے بعد ہی معلوم ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ اس کی ویڈیو گرافی کی جائے گی تاکہ کوئی ثبوت رہ نہ جائے۔گنگاپر تھروائی تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ اس واقعے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے کہا کہ بی جے پی کے تحت یوپی جرائم میں ڈوبا ہوا ہے۔ بی ایس پی سربراہ مایاوتی نے واقعے کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ الہ آباد میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کے بہیمانہ قتل کی خبر انتہائی افسوسناک، تشویشناک اورقابل مذمت ہے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button