آر ایس ایس کے ہندوتوا ایجنڈے کے تحت بارہمولہ میں اسکول اساتذہ کو حجاب سے گریز کرنے کی ہدایت
سرینگر 26اپریل (کے ایم ایس) غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں آر ایس ایس کے مسلم دشمن ایجنڈے کے ایک حصے کے طور پرضلع بارہمولہ میں بھارت کی ایک تنظیم کے زیر انتظام چلنے والے اسکول نے اپنے اساتذہ کو حجاب سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی شہرپونے میں قائم ایک رضاکار گروپ کے زیر انتظام جوجسمانی طور پر معذور بچوں کی دیکھ بھال کررہا ہے، چلنے والے”ڈگر پریوار اسکول”نے ایک سرکولرجاری کیا ہے جس میں اساتذہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ حجاب پہننے سے گزیر کریں ۔ سرکولر میں کہاگیا ہے اس اقدام سے طلباء کو اساتذہ اور عملے کے ساتھ بات چیت کرنے میں آسانی ہوگی۔بارہمولہ قصبے میں قائم اس اسکول میں تقریبا 60 طلباء زیر تعلیم ہیں۔سرکولر میں کہاگیاہے کہ ڈگر پریوار اسکول جذباتی اور اخلاقی طور پر سیکھنے اور آگے بڑھنے کی جگہ ہے۔اس لئے طلباء کے ساتھ باہمی اعتماد قائم ہونا چاہیے تاکہ انہیں خوشی اور تحفظ کا احساس ہو ۔پرنسپل کے دستخط کردہ سرکولر میں کہا گیا ہے کہ عملے کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ اسکول کے اوقات میں حجاب سے گریز کریں تاکہ طلباء آرام دہ محسوس کر سکیں اور اساتذہ اور عملے کے ساتھ بات چیت کرسکیں۔تاہم اسکول کے ایک عہدیدار نے کہا کہ اس میں غلط فہمی ہوئی ہے اور وہ میٹنگ کے بعد اس ہدایت نامے کو واپس لیں گے۔انہوں نے کہاکہ اسکول میں تمام مذاہب کے بچے ہیں اور ہم امتیازی سلوک نہیں کرتے۔انہوں نے کہاکہ ہم آرڈر واپس لے رہے ہیں اورہم نیاسرکولر جاری کریں گے۔