آغا موسوی کا فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی
سرینگر29 اپریل (کے ایم ایس)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے دنیا بھر کے مسلمانوں سے اسرائیلی قبضے کے خلاف جدوجہد میں فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کے لیے متحد ہونے کی اپیل کی ہے۔۔
آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے بڈگام کی مرکزی امام بارگاہ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل استعمار اور نسل پرستی کی توسیع ہے جو انسانی تاریخ میں کبھی نہیں دیکھی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل نسلی تطہیر، دہشت گردی اور نسل کشی کے ذریعے فلسطین کی آبادی کو تبدیل کرکے اس پر ظالمانہ اور پرتشدد طور پر قبضہ کرنے کے لیے نکلا ہے۔”
آغا حسن نے کہا کہ القدس میں اسرائیل کی حکمت عملی فلسطینیوں کے حقوق سے متعلق بین الاقوامی قوانین، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور جنرل اسمبلی کی متعدد قراردادوں کی صریح خلاف ورزی ہے۔
دریں اثناءآغا سید حسن الموسوی الصفوی نے ایک بیان میں قابض بھارتی انتظامیہ کی طرف سے شب قدر اور جمعتہ الوداع کے موقع پر جامع مسجد سری نگر کی تالہ بندی کے جابرانہ اقدام کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو جامع مسجد میں شب قدر اور جمعتہ الوداع کی نمازوں میں شرکت سے روکنے کا مقصد کشمیریوں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانا ہے۔