مقبوضہ جموں وکشمیر:بھارتی فوجیوں، ایجنسیوں کی طرف سے محاصرے اورتلاشی کی کارروائیاں جاری
عالمی برادری سے مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی مظالم کا نوٹس لینے کی اپیل
سرینگر 07مئی (کے ایم ایس)غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوں اور ایجنسیوں نے مختلف علاقوں میں محاصرے اور تلاشی کی پرتشدد کارروائیوں اور گھروں پر چھاپوں کا سلسلہ جاری رکھا ہواہے اور اس دوران مکینوں کو ڈرایا،دھمکایا اور ہراساں کیاجارہاہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوجیوں، پولیس اور پیراملٹری فورسز کے اہلکاروںنے بارہمولہ، اسلام آباد، پلوامہ، کولگام، ڈوڈہ اور جموں اضلاع کے مختلف علاقوں میں تلاشی کی کارروائیاں کیں اور درجنوں افراد کو گرفتار کر لیا۔ کئی علاقوں میں لوگوں نے صحافیوں کو بتایا کہ فوجیوں نے ان کے گھروں میں گھس کر خواتین اور بچوں سمیت مکینوں کوہراساں کیااور گھریلو سامان کی توڑ پھوڑ کی۔
بھارت کے تحقیقاتی اداروں این آئی اے اور ایس آئی اے کے اہلکاروں نے پیراملٹری فورسز کے ساتھ ملکر پلوامہ، کولگام، بڈگام اور دیگر اضلاع میں متعدد مقامات پر چھاپے مارے اور لوگوں کے موبائل، لیپ ٹاپ، کمپیوٹر اور دیگر سامان ضبط کرلیا۔ چھاپوں کے دوران موبائل فون اور سم کارڈز کا کاروبار کرنے والے افراد کے گھروں اور دکانوں کو خاص طور پر نشانہ بنایا گیا۔
دریں اثنا کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما اور یونائیٹڈ ریزسٹنس فورم کے چیئرمین بلال احمد صدیقی نے سرینگر میں ایک بیان میں عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ جموںوکشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کا نوٹس لے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے بھارت پر دبائو ڈالے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طور پر نظر بند رہنما عبدالصمد انقلابی نے جموںکی کوٹ بھلوال جیل سے اپنے ایک پیغام میں افسوس ظاہر کیا کہ بھارت جاری تحریک آزادی کو دبانے کیلئے بیگناہ کشمیریوں کو بے رحمی سے قتل کر رہا ہے۔
نیشنل کانفرنس کے رہنما حسنین مسعودی نے سرینگر میں ایک انٹرویو میں کہا کہ نریندرمودی حکومت کی طرف سے مقبوضہ جموںوکشمیر میں اسمبلی حلقوں کی از سر تشکیل کیلئے قائم کردہ حد بندی کمیشن نے علاقے کے لوگوں کو بے اختیار کر دیا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ اسمبلی حلقوں کی ازسرنو تشکیل کا سارا عمل بھارتیہ جنتاپارٹی کو فائدہ پہنچانے کے لیے کیا گیا ہے۔ کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ ) نے نئی دہلی میں ایک بیان میں کہا کہ حدبندی کمیشن کی سفارشات سراسر سیاسی نوعیت کی ہیں جنکا مقصد مقبوضہ علاقے میں آبادی کے تناسب پر اثر انداز ہونا ہے۔
سرینگر میں آج ڈاکٹر علی جان روڈ پر واقع آئیوا پل کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے بھارتی پولیس کا ایک اہلکار شدید زخمی ہو گیا۔
امریکہ میں مقیم ایک ہندو اسکالر Ashutosh Varshney نے معروف بھارتی صحافی Sidharth Bhatia کے ساتھ ایک پوڈکاسٹ کے دوران خبر دارکیاکہ بھارت اب مسلمانوں کے قتل عام کے مرحلے میں داخل ہو رہا ہے۔Ashutosh Varshneyجو امریکہ کی براؤن یونیورسٹی میںمعاشرتی علوم اور سیاسیات پڑھاتے ہیںبھارت خاص طور پر بھارتیہ جنتاپارٹی حکومت والی ریاستوں میں مسلمانوں کے خلاف تشدد پر تبصرہ کر رہے تھے۔
خالصتان ریفرنڈم کے سلسلے میں کل اٹلی کے شہر بریشیا میں ووٹنگ ہوگی۔علیحدہ سکھ وطن کے لیے ریفرنڈم کا آغاز گزشتہ برس 31 اکتوبر کو لندن سے ہوا تھا اور اب تک برطانیہ اور دیگر ملکوں کے مختلف شہروں میں ہونے والی پولنگ میں ہزاروں سکھوں نے حصہ لیا ہے۔