مقبوضہ جموں و کشمیر

ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف پاکستان کی جیت پر مقبوضہ جموں وکشمیرمیں جشن کاسماں


سرینگر05ستمبر(کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں اتوار کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف پاکستان کی جیت کے بعد کشمیری سرینگر اور اوروادی کے دیگر علاقوں میں سڑکوں پر نکل آئے اورخوشی سے جھوم اٹھے۔

اگر چہ کشمیری نوجوانوں کو گھروں میں محصور رکھنے کے لیے بھارتی فوج، پولیس اور ایجنسیاں سڑکوں پر گشت کر رہی تھیں۔ تاہم نوجوان گروہ در گروہ گھروں سے باہر نکل آئے، پاکستان اور آزادی کے حق میں نعرے لگائے اور پٹاخے چھوڑے۔ پاکستانی بلے باز کی طرف سے وننگ اسٹروک کھیلتے ہی مقبوضہ علاقے میں کئی مقامات پر گھروں کے اندر اور گلیوں سے اللہ اکبر اور پاکستان زندہ باد کے نعرے سنائی دیے۔سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں نوجوان پاکستانی پرچم اٹھائے رقص کرتے اور پٹاخے چھوڑتے نظر آرہے ہیں۔ اس کے علاوہ بہت سی ویڈیوزمیں نوجوان زبردست آتش بازی کرتے بھی دیکھے جاسکتے ہیں۔یہ سب کچھ مودی حکومت کی ہدایات کے بر خلاف ہوا جس نے مقبوضہ جموں وکشمیرمیں انتظامیہ کو ہدایت دی تھی کہ کشمیریوں کواتوار کو ہونے والا پاک بھارت میچ گروپس میں دیکھنے سے دور رکھا جائے۔گزشتہ سال اکتوبر میں پاکستان کی جانب سے بھارت کو 10ووکٹوں سے شکست دینے کے بعد سوشل میڈیا پر پاکستانی کرکٹ ٹیم کی تعریف کرنے پرکشمیری طلباء سمیت کئی کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا تھا۔گزشتہ سال 28اکتوبر کو بھارت میں تین کشمیری طالب علموں کو مبینہ طور پر ایک واٹس ایپ اسٹیٹس پوسٹ کرنے پر گرفتار کیا گیا تھا جس میں ٹی ٹونٹی کرکٹ میچ میں بھارت کے خلاف جیت کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں کی تعریف کی گئی تھی۔ ان کے خلاف بغاوت اور سائبر دہشت گردی کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ طلبا ء کو 30مارچ کو الہ آباد ہائی کورٹ سے ضمانت ملی تھی لیکن مقامی ضامنوں کی عدم دستیابی کی وجہ سے وہ ابھی تک جیل میں بند ہیں۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button