مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کے قتل عام کی شدید مذمت
سرینگر09مئی (کے ایم ایس)
کل جماعتی حریت کانفرنس کی قیادت نے بھارت اور غیر قانونی طور پر اسکے زیر قبضہ جموں و کشمیر کی جیلوں میں غیر قانونی طورپر نظربند حریت رہنمائوں ،کارکنوں، نوجوانوں اور خواتین کے تحفظ کے حوالے سے شدید تشویش ظاہر کی ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں اقوام متحدہ ، عالمی ریڈ کراس اور انسانی حقو ق کی دیگر بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ وہ کشمیری نظربندوں کو مناسب خوراک اور علاج معالجے کی سہولت کی عدم دستیابی کی وجہ سے انکی زندگیوں کو لاحق خطرے سے بچانے کیلئے مداخلت کریں ۔ حریت قیادت نے کہاکہ اس حقیقت کے باوجود کہ متعدد حریت رہنماء کئی عارضوں میں مبتلا ہیں انہیں جیلوں میں وحشیانہ جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا جارہاہے۔حریت قیادت نے مقبوضہ کشمیرمیں بھارت کی بڑھتی ہوئی ریاستی دہشت گردی اور بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں نہتے کشمیریوں کے قتل عام کے واقعات کی بھی شدید مذمت کی ۔ بیان میں کہاگیا ہے کہ مقبوضہ علاقے میں جاری ظلم و تشدد اور خونریزی سے کشمیریوں کی بقا کو سنگین خطرہ لاحق ہے اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوجیوں کو تلاشی اور محاصرے کی کارروائیوں کے دوران کشمیریوںکو خوف وہراس کا نشانہ بنانے ، جعلی مقابلوں میں نوجوانوں کے قتل عام اور خواتین کی عصمت دریوں سے روکیں ۔ بھارتی فوجیوں کو مقبوضہ علاقے میں نافذ کالے قوانین کے تحت مکمل استثنیٰ حاصل ہے ۔