مودی حکومت نے مقبوضہ جموں وکشمیر کو جیل میں تبدیل کر دیا ہے ، عزیر غزالی
مظفرآباد11 مئی (کے ایم ایس)پاسبان حریت کے چیئرمین عزیر احمد غزالی نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کے غیر قانونی فوجی محاصرے اور کشمیری نوجوانوں کے قتل کی مذمت کی ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق عزیر احمد غزالی نے مظفر آباد میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی فورسز کی طرف سے نہتے کشمیری نوجوانوں کا قتل عام کشمیری مسلمانوں کی نسل کشی کے مذموم بھارتی منصوبے کا حصہ ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام میں خوف و ہراس پھیلانے کے لیے رہائشی بستیوں کو جلایا جا رہا ہے، خواتین اور بچوں کو مارا پیٹا جا رہا ہے، گھروں کو لوٹا جا رہا ہے اور بے گناہ شہریوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے۔عزیر احمدغزالی نے افسوس کا اظہار کیا کہ بھارتی فورسز خواتین اور بچوں کے خلاف تشدد کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ علاقے کے لوگ تمام تر مشکلات کے باوجود بھارتی فوجی جارحیت کے خلاف ڈٹے ہوئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ نریندر مودی نے نہتے کشمیریوں پر جنگ مسلط کر رکھی ہے اور مقبوضہ جموںوکشمیر کو عملی طور پر ایک جیل میں تبدیل کر دیا ہے۔عزیر احمد غزالی نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کرائے۔