بھارت:کرناٹک میں اونچی ذات کی لڑکی کو پیغام بھیجنے پر دلت نوجوان پر تشدد
بنگلور17مئی (کے ایم ایس):بھارتی ریاست کرناٹک کے ضلع داونگرے میں اونچی ذات کی ایک لڑکی کو پیغام بھیجنے پر 20سالہ دلت نوجوان کو وحشیانہ تشددکانشانہ بنانے کے خلاف دلت کارکنوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مظاہرین نے ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔یہ واقعہ ضلع کے اٹیگیرے گائوں میں 13مئی کو پیش آیا تھا۔ ملزمان دلت نوجوان گنیش کو نامعلوم مقام پر لے گئے اور اس پر وحشیانہ تشددکیا۔ انہوں نے اس ظلم کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر جاری کر دی۔ ایک رپورٹ کے مطابق 60سے زائد افراد اس جرم میں ملوث ہیں۔ گنیش کا ضلع اسپتال میں علاج چل رہا ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اونچی ذات سے تعلق رکھنے والے ملزمان نے گنیش کو دو دن تک تشدد کا نشانہ بنایا اور اسے گائوں میں نیم برہنہ کرکے پریڈ کرائی۔ متاثرہ نوجوان کے رشتہ داروں نے اس سلسلے میں مایاکونڈا پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی ہے۔ اٹیگیرے گائوں کے پنچایتی ارکان ببننا، ہریش اور دیگر ملزمان نے مبینہ طور پر متاثرہ نوجوان کی ماں کو دو دن تک بند کر رکھا تھا۔ میڈیا رپورٹس میں پولیس ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ سب سے پہلے لڑکی نے ہی متاثرہ نوجوان کو پیغام بھیجا تھا۔