مقبوضہ جموں و کشمیر

یاسین ملک اور دیگر حریت رہنمائوں کی رہائی کا مطالبہ

شہدائے کشمیرکا خون رائیگاں نہیں جائے گا: عوامی مجلس عمل
سرینگر 18مئی(کے ایم ایس) غیر قانونی طور پربھارت کے زیرقبضہ جموں و کشمیر میں جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک اور کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماوں اور نوجوانوں کی مقبوضہ علاقے اور بھارت کی مختلف جیلوں میں غیر قانونی نظربندی کے خلاف کشمیریوں کا احتجاج درج کرانے کے لیے سرینگر اور دیگر علاقوں میں پوسٹرچسپاں کئے گئے ہیں ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق محمد یاسین ملک کی تصاویر والے پوسٹروںمیں غیر قانونی طور پر نظر بند تمام کشمیریوں کی رہائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ پوسٹروں میں کہاگیا ہے کہ یاسین ملک کشمیریوں کے حق خودارادیت کے مشعل بردار ہیں اور وہ اپنے مشن کو ہر قیمت پر منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے پرعزم ہیں۔ پوسٹروںمیں کہا گیا کہ بھارتی حکام نے یاسین ملک اور دیگر حریت رہنمائوں کی آواز کو دبانے کے لیے تمام وحشیانہ اور غیر انسانی ہتھکنڈے استعمال کیے لیکن وہ اپنے مذموم عزائم میں بری طرح ناکام رہے۔ اسی طرح کے پوسٹرسوشل میڈیا پر پوسٹ کئے گئے جن میں اقوام متحدہ پر زور دیا گیا کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیرمیں بھارتی مظالم پر مجرمانہ خاموشی ترک کرے اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے اقدامات کرے۔
کشمیر پر نظر رکھنے والوں اور سیاسی ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ بھارتی حکام جموں و کشمیر پر بھارت کے ناجائز قبضے کو چیلنج کرنے کی سزا دینے کے لیے یاسین ملک کو ان کے خلاف درج جھوٹے مقدمات میں عمر قید یاسزائے موت بھی دے سکتے ہیں۔
ممتاز آزادی پسند رہنمائوں میرواعظ مولوی محمد فاروق ،خواجہ عبدالغنی لون اور شہدائے حول کی شہادت کی برسیوں کے موقع پرمقبوضہ کشمیرمیں 21مئی بروز ہفتہ مکمل ہڑتال کی جائیگی ۔ہڑتا ل کامقصد بھارت اور مقبوضہ کشمیر کی مختلف جیلوں میں حریت رہنمائوں اور کارکنوںکی مسلسل غیر قانونی نظربندی کے خلاف احتجاج کرنا بھی ہے۔ اس دن مقبوضہ علاقے میں بھارتی فورسز کی طرف سے کشمیریوں کی نسل کشی کے خلاف احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی۔میر واعظ عمر فاروق کی سربراہی میں قائم عوامی مجلس عمل نے سرینگر میںایک بیان میں مولوی محمد فاروق، خواجہ عبدالغنی لون اور شہدائے حول کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ کشمیری شہداء کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا اور جاری جدوجہد آزادی کو ہر قیمت پر اسکے منطقی انجام تک جاری رکھا جائیگا۔
نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے ضلع راجوری کے علاقے تھنہ منڈی میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت نے کشمیری عوام سے انکی نوکریاں اور زمینیں چھین کر غیر کشمیریوںکو مختلف ترقیاتی منصوبوں کے ٹھیکے دینے کی پیشکش کی ہے، جس سے کشمیریوںکو شدید دھچکا پہنچا ہے۔
ادھر بڑی تعداد میں پاکستانیوں اورکشمیریوں نے عالمی برادری کی توجہ مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کی طرف سے جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک کو انتقامی کارروائی کا نشانہ بنانے کی طرف مبذول کرانے کیلئے آج نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے سامنے ایک زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔مظاہرین نے محمد یاسین ملک کی فوری اور غیر مشروط رہائی کا مطالبہ کیا۔
برطانیہ کے دفتر خارجہ میں وزیر مملکت لارڈ طارق احمد نے ایک سوال کے جواب میں دارلامراء کو بتایا ہے کہ برطانوی حکومت جیل میں قید جے کے ایل ایف کے چیئرمین محمد یاسین ملک کے خلاف مقدمے کی سماعت پر گہری نظررکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے یہ بات لارڈ قربان حسین کے سوال کے جواب میں بتائی ،جنہوں نے یاسین ملک کے خلاف الزامات کو جعلی اور بے بنیاد قراردیتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی زندگی کو حقیقی خطرہ لاحق ہے۔

 

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button