مقبوضہ جموں وکشمیر :ہائی کورٹ بارایسوسی ایشن کا جیلوں میں نظربند کشمیریوں کی حالت زار پر اظہارتشویش
سرینگر22مئی (کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے بھارت اور مقبوضہ علاقے کی مختلف جیلوں میں غیر قانونی طور پر نظر بند حریت رہنمائوں اور کارکنوں کی حالت زار پرشدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے ترجمان جی این شاہین نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ کشمیری نظربند جیلوں میں انتہائی مایوس کن اور غیر انسانی صورتحال سے دوچار ہیں جس سے ان کی زندگیوں کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔انہوں نے بھارتی حکام کے ساتھ ساتھ مقبوضہ علاقے کے حکام سے اپیل کی کہ وہ خاص طور پر یوپی اور ہریانہ کی جیلوں میں نظربند کشمیریوں کے قانونی اور صحت کے مسائل کو حل کرنے کے لیے جیلوں کے دورے کریں۔انہوں نے مطالبہ کیاکہ بھارتی جیلوں میں منتقل کیے گئے کشمیر ی نظربندوں کی فہرست مقامی اخبارات میں شائع کی جائے کیونکہ والدین کے پاس قیدیوں کے قیام کے بارے میں کوئی معلومات نہیں ہیں۔انہوں نے بھارتی حکومت سے بھی اپیل کی کہ قانون کی حکمرانی اور آئینی ضمانتوں کو برقرار رکھنے کے لیے کشمیری نظربندوں کو واپس مقبوضہ جموںوکشمیرکی جیلوں میں منتقل کیا جائے۔ انہوں نے نظربند کشمیریوں سے متعلق مقدمات کی آہستہ عدالتی کارروائی پر بھی تشویش کا اظہار کیا جس کی وجہ سے انصاف میں تاخیر ہوتی ہے۔