بھارت کی صورتحال اچھی نہیں ہے :راہول گاندھی
لندن 22مئی (کے ایم ایس)کانگریس کے رہنما راہول گاندھی نے بھارتیہ جنتا پارٹی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی صورتحال اچھی نہیں ہے اور وزیر اعظم نریندر مودی کسی کی نہیںسنتے ہیں۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق راہول گاندھی نے لندن میں” آئیڈیاز فار انڈیا”کے عنوان سے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کا آئین حملے کی زد میںہے اور اس حملے کا نتیجہ یہ ہے کہ بھارت کی ریاستیں اب حکومت کے ساتھ بات چیت کرنے کے قابل نہیں رہیں۔انہوں نے” ڈیپ سٹیٹ” پر شدید تنقید کی جو نقصان پہنچا رہی ہے اور اعلان کیا کہ کانگریس کا نظریہ اس سے لڑنے کے لئے تیار ہے۔راہول گاندھی نے کہاکہ یہ بات جان لیں کہ بی جے پی صرف چیختی ہے اور آوازوں کو دبا دیتی ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم لوگوں کی آواز سنتے ہیں اوریہ دو مختلف چیزیں اور دو مختلف منصوبے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا رویہ ایساہونا چاہیے کہ لوگوں کی بات سنے اور وہاں سے سب کچھ نیچے چلا جاتا ہے۔ لیکن ہمارے وزیر اعظم کسی کی نہیں سنتے۔ انہوں نے کہاہم سمجھتے ہیں کہ بھارت اپنے لوگوں کے درمیان مذاکرات کا نام ہے۔راہول گاندھی نے کہاکہ بی جے پی اور آر ایس ایس کا خیال ہے کہ بھارت سونے کی ایک چڑیاہے جس کے فوائد چند لوگوںمیںتقسیم کیے جانے چاہئیں۔ ہمارا ماننا ہے کہ سب کو مساوی رسائی حاصل ہونی چاہیے۔