یاسین ملک کوجھوٹے کیس میں سزا سنائے جانے کے خلاف کل مقبوضہ جموں وکشمیر میں ہڑتال کی جائے گی
سرینگر23مئی (کے ایم ایس) بھارت کے بدنام زمانہ تحقیقاتی ادارے این آئی اے کی ایک عدالت کی جانب سے غیر قانونی طور پر نظر بند جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک کو ایک جھوٹے مقدمے میں سزا سنائے جانے کے خلاف کل مقبوضہ جموں وکشمیر میںمکمل ہڑتال کی جائے گی۔
ہڑتال کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس نے دی ہے اور جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ اور تاجروں اور طلبا یونینوں سمیت سول سوسائٹی کی دیگر تنظیموں نے اس کی مکمل حمایت کی ہے۔جے کے ایل ایف کے چیئرمین محمد یاسین ملک کو جمعرات کو این آئی اے کی عدالت نے2017میں درج کئے گئے ایک جھوٹے مقدمے میں مجرم قرار دیا تھا۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں عالمی برادری، اقوام متحدہ اور اسلامی تعاون تنظیم سے اپیل کی کہ وہ غیر قانونی طور پر نظر بند حریت پسندکشمیری رہنما کی زندگی بچانے میں اپنا کردار ادا کریں جنہیں مودی حکومت نے من گھڑت اور سیاسی بنیادوں پر قائم کئے گئے مقدمات میں پھنسادیا ہے۔