وزیر خارجہ بلاول بھٹو کاکشمیری حریت رہنماء یاسین ملک کی رہائی کا مطالبہ
اسلام آباد24مئی (کے ایم ایس)
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے سینئر کشمیری حریت رہنما محمد یاسین ملک کو جھوٹے الزامات کے تحت بھارتی عدالت کی جانب سے قصور وار قراردینے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ محمد یاسین ملک پر لگائے گئے من گھڑت الزامات کو ختم کرکے انہیں فوری طور پر رہا کیا جائے۔ انہوں نے بھارتی عدالت کی طرف سے محمد یاسین ملک پر غلط فرد جرم عائد کئے جانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یاسین ملک غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر میں حریت رہنمائوں میں سب سے نمایاں اور قابل احترام آواز ہیں، بھارت انہیں فوری طور پر رہا کرے اور انہیں اپنے خاندان کے ساتھ دوبارہ ملنے کی اجازت دی جائے۔انہوں نے کہاکہ بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرنے کی اجازت دینے کے سنگین انسانی نتائج برآمد ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ عشروں سے جاری بھارتی جبر کے خلاف ان کے پختہ عزم کو ایسے غیر منصفانہ فیصلوں سے متزلزل نہیں کیا جاسکتا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں تمام سیاسی قیدیوں کو رہا اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو روکنا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ بھارت کو جان لینا چاہیے کہ وہ کشمیری عوام کو ان کے حق خودارادیت کے استعمال سے ہمیشہ کے لیے نہیں روک سکتا جس کی ضمانت انہیں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت فراہم کی گئی ہے ۔انہوں نے عالمی برادری، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ انہیں بھارت کو محمد یاسین ملک کے ساتھ اس سنگین ناانصافی کو روکنے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کو یہ سمجھنا چاہیے کہ اگر بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرنے کی اجازت دی گئی تو اس کے سنگین انسانی نتائج برآمد ہوں گے۔