کشمیر کے بارے میں بھارت کی ظالمانہ پالیسی کے سنگین نتائج ہوں گے: محبوبہ مفتی
سرینگر25مئی(کے ایم ایس) غیر قانونی طور پربھارت کے زیرقبضہ جموں و کشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے خبردار کیا ہے کہ بھارتی حکومت کی ظالمانہ پالیسیوں سے مسائل حل نہیں ہوں گے بلکہ معاملات مزید پیچیدہ ہوں گے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق محبوبہ مفتی نے یہ بات کشمیری حریت رہنما محمد یاسین ملک کو دہلی کی ایک عدالت کی طرف سے سزا سنائے جانے سے قبل ضلع کولگام میں پارٹی کارکنوں کے ایک کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر ایک سیاسی مسئلہ ہے، یہاں پہلے بھی بہت سے لوگوں کو پھانسی یا عمر قید کی سزا دی گئی لیکن اس سے کشمیر کا مسئلہ حل نہیں ہوا بلکہ معاملہ مزید پیچیدہ ہوگیا۔ انہوں نے کہاکہ مجھے لگتا ہے کہ ظالمانہ پالیسی کے سنگین نتائج ہوں گے، ان سے مسائل حل نہیں ہونگے بلکہ مزید مسائل پیدا ہونگے۔پی ڈی پی کی سربراہ نے کہاکہ میں اس ظالمانہ پالیسی کو سمجھتی ہوں جو حکومت نے اپنائی ہے۔بھارت کو کشمیر میں منفی نتائج ملیںگے اورصورتحال مزید پیچیدہ ہو جائے گی۔انہوں نے بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بے روزگاری کے دوران مذہب کا کارڈ کھیلنے پر بی جے پی کی زیر قیادت بھارتی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ ان کے پاس ملک کے لوگوں کو اپنی کامیابیوں کے بارے میں بتانے کے لیے کچھ نہیں ہے اس لیے ہندو مسلم فسادات پیدا کیے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ بھارت کی تمام مساجد پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ انہیں سامنے آنا چاہیے اور بتانا چاہیے کہ وہ مسلمانوں کے ساتھ کیا کرنا چاہتے ہیں۔