ایبٹ آباد: یاسین ملک کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے تقریب کا انعقاد
ایبٹ آباد 26 مئی (کے ایم ایس) جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین یاسین ملک سے اظہار یکجہتی کے لیے ملک کے دیگر حصوں کی طرح ایبٹ آباد پریس کلب میں بھی ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں کشمیری برادری کے سرکردہ افراد نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ محمد سلیم، شیخ نثار احمد، اقبال کشمیری، رفیق بھٹی اور دیگر نے زور دے کر کہا کہ یاسین ملک کو بھارتی عدالت کی طرف سے عمر قید کی سزا مقبوضہ جموںوکشمیر کے عوام کی غیر قانونی بھارتی قبضے سے آزادی کی جدوجہد کو کم نہیں کر سکتی۔انہوں نے یاسین ملک کی سزا کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ2019سے قید جے کے ایل ایف کے سربراہ کو بھارتی قبضے سے آزادی کی آواز بلند کی پاداش میںعمر قید کی سزا دی گئی۔
مقررین نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیریوں کی مدد اور حمایت کرے جو اپنے حق خودارادیت کی جنگ لڑ رہے ہیں ۔مقررین نے کہا کہ یاسین ملک کشمیر کے ایک بہادر رہنما ہیں جنکی کی قید سے بھارتی حکومت کشمیری عوام کے عزم کو پست نہیں کر سکتی۔