حق خودارادیت کے حصول تک کشمیریوں کی سیاسی ، سفارتی اوراخلاقی حمایت جاری رکھیں گے:وزیراعظم
وزیراعظم شہبازشریف سے کشمیری رہنماڈاکٹرغلام نبی فائی کی قیادت میں ایک وفدکی ملاقات
اسلام آباد: وزیراعظم محمدشہبازشریف نے کہاہے کہ پاکستان ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے حصول کے لئے کشمیریوں کی جدوجہد میں ان کی سیاسی ،سفارتی اوراخلاقی حمایت جاری رکھے گا ۔
کشمیر میڈیاسرو س کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے آج اسلام آبادمیں ورلڈ کشمیر اویئرنس فورم کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر غلام نبی فائی کی قیادت میں بیرون ملک مقیم کشمیری رہنمائوںکے ایک وفد سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ ہم نے ہرموقع پر کشمیری بہنوں اوربھائیوں کی حمایت میں آواز اٹھائی ۔انہوں نے کہاکہ میں نے 2022 کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس ،شنگھائی تعاون تنظیم اوردیگرفورمز پر اپنے خطابات میں جموں وکشمیرکیلئے بھرپورآوازاٹھائی ۔عالمی رہنمائوں کے ساتھ ملاقاتوں میں بھی کشمیر کاز کو بھرپورطریقے سے اجاگرکیا ۔وزیراعظم نے تنازعہ جموں وکشمیر اورمقبوضہ جموں وکشمیر کے لوگوں کی حالت زارکے بارے میں عالمی سطح پر آگاہی پیدا کرنے کیلئے کشمیری رہنمائوں کی کوششوں کو سراہا۔وفد نے کشمیر کازکیلئے پاکستان کی مسلسل حمایت پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا ۔انہوں نے وزیراعظم سے خطے کی تازہ ترین صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔وفدنے وزیراعظم کو دنیاکے مختلف حصوں میں کشمیر کی جدوجہد آزادی کواجاگرکرنے کیلئے اپنی کوششوں سے بھی آگاہ کیا ۔