خطے کی ترقی کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ضروری ہے، جموں وکشمیر پیپلز لیگ
سرینگر 15ستمبر (کے ایم ایس)
بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں پیپلز لیگ نے کہاہے کہ ہے کشمیر ایک سیاسی اور انسانی مسئلہ ہے جسے سیاسی طریقے سے ہی حل کیا جانا چاہیے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق جموں وکشمیر پیپلز لیگ کے چیف آرگنائیزر محمد حمزہ نے سرینگر میں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر ی بھارتی عوام کے خلاف نہیں ہیں بلکہ وہ اپنا پیدائشی حق ، حق خود اردیت چاہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی خواہش ہے کہ یہ خطے معاشی طور پر ترقی کرے لیکن اس کے لیے تنازعہ کشمیر کا حل ضروری ہے جو جنوبی ایشیا میں کشیدگی کی ایک مستقل وجہ ہے۔ محمد حمزہ نے کہا کہ کشمیریوں کے جذبات اور خواہشات کو مدنظر رکھا جانا چاہیے اور آگے بڑھنے کیلئے ایک حقیقت پسندانہ سوچ اور نقطہ نظر اپنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان، بھارت اور کشمیریوں کے درمیان بامعنی بات چیت کا آغاز ہونا چاہیے تاکہ مسئلہ کشمیر کو حل کیا جاسکے۔