وزیر داخلہ کی قوم کو” یوم تکبیر“ کی مبارکباد
اسلام آباد 28 مئی (کے ایم ایس) وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان نے قوم کو ”یوم تکبیر“ کی مبارکباد دی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق انہوں نے یوم تکبیر کے موقع پر اپنے ایک خصوصی پیغام میں کہا کہ بھارت کی طرف سے کیے گئے جوہری دھماکوں کے جواب میں 24 برس قبل آج ہی کے دن 6 ایٹمی تجربات کرکے پاکستان ایٹمی طاقت بنا۔انہوں نے کہا کہ پوری امت مسلمہ کو پاکستان کے ایٹمی طاقت ہونے پر فخر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وقت نے ثابت کر دیا ہے کہ پاکستان ایک انتہائی ذمہ دار ایٹمی طاقت ملک ہے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ اللہ کے فضل سے پاکستان مسلم لیگ (ن) نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا اور معاشی طاقت بھی بنائے گی۔
دریں اثنا وفاقی وزیربرائے انسداد منشیات نوابزادہ شاہ زین بگٹی نے آج یوم تکبیر کے موقع پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ 28 مئی 1998 پاکستان کی سیاسی اور دفاعی تاریخ میں ایک اہم مقام رکھتا ہے۔
انہوں نے ایک انٹرویو میں کہا کہ پاکستانی قیادت نے بیرونی دباو¿ کو مسترد کرتے ہوئے 28 مئی 1998 کو ایٹمی دھماکے کرکے نہ صرف قوم بلکہ پوری امت مسلمہ کا سر فخر سے بلند کردیا۔