گزشتہ سال بھارت میں جرائم کی شرح میں 28فیصد کا اضافہ ہوا
نئی دلی 16ستمبر (کے ایم ایس )
بھارت کے نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو (این سی آر بی)کی سالانہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ سال بھارت میں جرائم کی شرح میں 28فیصد کااضافہ ہوا ہے ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مہلک کورونا وبا سے متاثرہ اس سال میں پولیس کو سب سے زیادہ جعلی خبروں ،فسادات ، ماحولیاتی قوانین اور ملاوٹ سے متعلق جرائم کا سامنا رہا ۔این سی آر بی کی رپورٹ میں کہا گیاہے کہ گزشتہ سال 2019کے مقابلے میں جعلی خبروں اورافواہوں کی گردش میں دوگنا اضافہ ریکارڈ کیاگیا ۔بھارت میں 2018میں جعلی خبریں اور افواہیں پھیلانے پر 280مقدمات درج کیے گئے تھے ، 2019میں ان مقدمات کی تعداد بڑھ کر 486ہوگئی جبکہ گزشتہ سال ان مقدمات کی تعداد دوگنا ہو کر ایک ہزار 527تک پہنچ گئی ۔رپورٹ میں مزیدکہا گیا کہ گزشتہ سال فسادات سے متعلق مقدمات کے اندراج میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیاہے۔ گزشتہ سال مہلک کورونا وبا کے باوجود 2019 کے مقابلے میں مذہب، مسلک ، ذات پات، زراعت اور اراضی سے متعلق تنازعات میں اضافہ دیکھا گیا۔بھارت میں 2019میں فسادات کے 45ہزار985 مقدمات کے مقابلے میں گزشتہ سال فسادات کے مجموعی طورپر 51ہزار606مقدمات درج کئے گئے ۔ ان مقدمات میں 857 مذہبی ، 2ہزار188زرعی،10ہزار652جائیداد سے متعلق تنازعات اوردیگر شامل ہیں۔ این سی آر بی کی سالانہ رپورٹ کے مطابق بھارت میں 2019کے مقابلے میں گزشتہ سال جب کورونا وبا تیزی سے پھیل رہی تھی مجموعی طور پر جرائم میں28فیصد اضافہ ریکارڈ کیاگیا ہے ۔اگرچہ بھارت میں کورونا وبا کے ایس اوپیز کی خلاف ورزیوں کو جرائم کی شرح میں تیزی سے اضافے کی بنیادی وجہ قراردیاجارہا ہے ۔تاہم رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال مجموعی طورپر 66لاکھ ایک ہزار 285قابل دست اندازی جرائم کے مقدمات درج کئے گئے جن میں تعزیرات ہند کی خلاف ورزیوں کے 42لاکھ 54ہزار356مقدمات اور خصوصی اور مقامی قوانین کے تحت درج کئے گئے 23لاکھ46ہزار929مقدمات شامل ہیں۔جس سے بھارت میں2019کے مقابلے میں گزشتہ سال جرائم کی شرح میں 28فیصد کا اضافہ ظاہر ہوتا ہے ۔ بھارت میں گزشتہ سال سائبر کرائم کے جرائم میں 11.8فیصد کا اضافہ ہوا اس دوران سائبر کرائم کے 50ہزار35مقدمات درج کئے گئے جبکہ گزشتہ سال سوشل میڈیا پر جعلی خبروں سے متعلق578واقعات بھی رپورٹ ہو ئے ۔ بھارت میں گزشتہ سال آن لائن بینکنگ فراڈ کے 4ہزار47، پاسورڈ کی چوری کے ایک ہزار 93اور کریڈٹ کارڈ سے متعلق فراڈ کے ایک ہزار194مقدمات بھی درج کئے گئے ۔