بی جے پی کی متعصبانہ پالیسی نے بھارت کو بین الاقوامی سطح پرتنہا کر دیا ہے : راہل گاندھی
نئی دلی 07جون (کے ایم ایس)
بھارت میں کانگریس پارٹی کے رہنما راہل گاندھی نے حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کو شدید تنقید کانشانہ بناتے ہوئے کہاہے کہ بی جے پی کے شرمناک تعصب نے نہ صرف ہمیں تنہا کر دیا ہے بلکہ عالمی سطح پر بھارت کے موقف کو بھی نقصان پہنچایا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق راہل گاندھی نے ایک ٹویٹ میں پیغمبر اسلام محمدۖ کے بارے میں بی جے لی لیڈروں کے متنازعہ بیانات پر خلیجی ممالک میں بڑھتے ہوئے غم و غصے اور نارضگی کے بعد بھارتیہ جنتا پارٹی پر سخت تنقید کی۔ بی جے پی رہنما کی جانب سے اسلام اور حضرت محمد ۖ کے بارے میں نازیبا تبصرہ کرنے کے معاملے میں ملک اوربیرون ملک بھی لوگوں کا غم و غصہ بڑھ گیا ہے اور خلیجی ممالک بشمول قطر، کویت ،ایران ، عمان اور دیگرنے اپنے ممالک میں بھارتی سفیروں کو طلب کیا جبکہ کئی ممالک میں سوشل میڈیا پر بھارتی مصنوعات کے بائیکاٹ کی اطلاعات بھی مل رہی ہیں ۔انہوںنے کہاکہ بی جے پی سے نکالی گئی ترجمان نپور شرما کی طرف سے اسلام اور پیغمبر اسلامۖ کے بارے میں گستاخانہ تبصرے کے بعد بھارت کو خلیجی ممالک کے سفارتی غم و غصے کا سامنا ہے۔ راہل گاندھی نے بی جے پی یپر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ بی جے پی کے تعصب نے نہ صرف بھارت کوتنہا کر دیا ہے بلکہ عالمی سطح پر ملک کی ساکھ کو بھی نقصان پہنچاہے۔انہوںنے کہاکہ اندرونی طور پر تقسیم سے بھارت خارجی طور پر کمزور ہوتا جا رہا ہے۔
ادھر کانگریس پارٹی کے سینئر رہنماء پی چدم برم نے ایک بیان میں کہاہے کہ اسلامی ممالک کے شدید غم و غصے کی وجہ سے بی جے پی کو توہین آمیز بیانات دینے والے اپنے دونوں ترجمانوں کے خلاف کارروائی کرنے پر مجبور کیاہے۔ انہوں نے کہا کہ نپور شرما اور نوین جندل اسلامو فوبیا کے اصل تخلیق کار نہیں تھے وہ صرف شاہ سے زیادہ شاہ کے وفادار بننے کی کوشش کر رہے تھے۔