بھارت

بھارت سے 455سکھ یاتری واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچ گئے

Sikhs-fear-Punjab-Canada-696x342

لاہور:مہاراجہ رنجیت سنگھ کی برسی کی تقریبات میں شرکت کے لیے بھارت سے 455سکھ یاتری واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچ گئے ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز سیف اللہ کھو کھر نے صوبائی وزیر اقلیتی امور و پاکستان سکھ گورو دوارہ پر بندھک کمیٹی کے پردھان سردار رمیش سنگھ اروڑا کے ہمراہ آنے والے مہمانوں کااستقبال کیا۔ پاکستان پہنچنے پر سکھ یاتریوں نے انتہائی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان گورو کی دھرتی ہے یہاں پر آنا ہماری خوش قسمتی ہے ۔سردار رامیش سنگھ اروڑا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ متروکہ وقف املاک بورڈ کی طرف سے بھارت سمیت دنیا بھر سے آنے والے سکھ یاتریوں کی مہمان نواز ی کے تمام تر انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں اور مہمانو ں کو رہائش سیکورٹی میڈیکل اور سفری سہولیات سمیت تمام دیگر انتظامی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ یہ دھرتی اقلیتوں کے لیے جنت کا روپ ہے ۔ مہاراجہ رنجیت سنگھ کی سمادھی کی تعمیر و مرمت اور تزئین وآرائش کی جا رہی ہے ۔ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز سیف اللہ کھوکھر نے مزید بتایا کہ یاتریوں کی سکیورٹی ٹرانسپورٹ اور میڈیکل کی سہولیات کیلئے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں یاتریوں کو VIPبسو ں کے ذریعے سخت سیکورٹی میں گورو دوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال روانہ کیا گیا جہاں وہ اپنی مذہبی رسومات ادا کریں گے۔واہگہ سرحد پر گورو دوارہ پر بندھک کمیٹی کے رکن سردار ممپال سنگھ ، ستونت سنگھ ،ڈپٹی سیکرٹری عبداللہ اویس اورستونت کور کے علاو ہ دیگر بورڈ افسران نے یاتریوں کا استقبال کیا ۔سکھ یاتری طے شدہ شیڈول کے مطابق گورو دوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال میں ایک دن قیام کے بعداتوارکو حسن ابدال سے ننکانہ صاحب آئیں گے جہاں پر گورو دوارہ جنم استھان میں قیام کے دوران پیر کو گوردوارہ سچا سودا فاروق آباد جائیں گے اور واپس جنم استھان ننکانہ میں قیام کریں گے۔یاتری منگل کو ننکانہ صاحب سے گورو دوارہ کرتار پور صاحب ناروال جائیں گے ،جہاں ایک دن قیام کے بعد27جون کوگوردوارہ روہڑی صاحب ایمن آباد کی یاترا کرتے ہوئے لاہور آئیں گے مہاراجہ رنجیت سنگھ برسی کی مرکزی تقریب29جون بروزہفتہ کو گورو دوراہ ڈیرہ صاحب لاہور میں منعقد ہو گی۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button