کرناٹک: حجاب پہننے پر کالج انتظامیہ نے 24مسلم طالبات پر پابندی عائد کر دی
بنگلورو08 جون (کے ایم ایس)
بھارتی ریاست کرناٹک کے جنوبی ضلع دکیشنا کنڑ کے ایک کالج میں زیر تعلیم 24مسلم طالبات کو حجاب پہننے پر 7دن کیلئے کلاس میں جانے پر پابندی عائد کر دی ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پوتور تالک میں اپنگڈی ڈگری کالج کے حکام نے طالبات کی طرف سے حجاب اتارے بغیر کلاسز میں شامل ہونے سے انکار کرنے کے بعد ان پر کلاس لینے پر 7دن کی پابندی عائد کی ہے ۔ کرناٹک حکومت نے اسکولوں اور کالجوں کیلئے جاری گائیڈ لائن میں یونیفارم کو لازمی قراردیتے ہوئے کلاس روز میں حجاب پہننے پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے ۔اگرچہ بیشتر طالبات کلاسز لے رہی ہیں تاہم مسلم طالبات نے انہیں حجاب پہن کر کلاسز لینے کی اجازت دینے پر زور دیا ہے۔مسلم طالبات نے تعلیمی اداروں سے ان کالجوں میں جانے کیلئے جہاں حجاب کی اجازت ہے ٹرانسفر سرٹیفکیٹس کیلئے درخواستیں دے رکھی ہیں۔ اڈوپی پری یونیورسٹی گرلز کالج کی چھ طالبات کے احتجاج کے بعد شروع ہونے والا یہ تنازعہ گزشتہ ایک سال کے دوران شدت اختیار کر گیا ہے ۔