وزیر خارجہ نے یو این جنرل اسمبلی کے صدر کو بی جے پی رہنماﺅں کے گستاخانہ بیانات سے آگاہ کیا
اسلام آباد11جون (کے ایم ایس) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر عبداللہ شاہد کو بھارت کی حکمران جماعت بی جے پی کے دو سینئر عہدیداروں کی طرف سے حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بارے میں توہین آمیز بیانات سے آگاہ کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق وزیر خارجہ نے عبداللہ شاہد کے ساتھ ٹیلی فون پر بات چیت کے دوران کہا کہ بی جے پی رہنماﺅںکے توہین آمیز بیانات سے دنیا بھر کے اربوں مسلمانوں کے جذبات کو شدید ٹھیس پہنچی ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر پر زور دیا کہ وہ بھارت میں بڑھتے ہوئے اسلامو فوبیا کا نوٹس لیں۔بلاول بھٹو زرداری نے حالیہ اشتعال انگیز واقعے پر بھارتی قیادت کی خاموشی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ طرز عمل فرقہ وارانہ تشدد اور نفرت کے واقعات کو مزید بھڑکانے کا باعث بن سکتاہے۔وزیر خارجہ نے توقع ظاہر کی کہ اقوام متحدہ کے فورم کو رکن ممالک کے درمیان تعمیری بحث کے لیے استعمال کیا جائے گا۔