ڈوڈہ ،کشتواڑ میں مسلسل پانچویں روز بھی کرفیو جاری ، جموں میں پرامن مظاہرے
جموں13جون (کے ایم ایس) غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کے ڈوڈہ اور کشتواڑ قصبوں میں پیر کو مسلسل پانچویں روز بھی کرفیو جاری رہا جبکہ بی جے پی کی ترجمان نوپور شرما اور ایک اور رہنما نوین کمار جندل کی طرف سے پیغمبر اسلام حضرت محمدۖ کے بارے میں گستاخانہ بیانات کے خلاف جموں شہر میں پرامن احتجاج کیا گیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض حکام نے مسلم اکثریتی قصبوںمیں امن و امان برقرار رکھنے کے نام پر کرفیو اوردفعہ144کے تحت سخت پابندیاں عائد کررکھی ہیں۔ دونوں قصبوں میں بھاری تعداد میں بھارتی فورسز تعینات ہیں۔جموں مسلم فرنٹ نے بی جے پی کے سابق ترجمان کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے علاقے میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی برقرار رکھنے کی اپیل کی ہے۔ جے ایم ایف نے ایک بیان میں کہا کہ عوام کو ایسے عناصر کی باتوں میں نہیں آنا چاہیے جو جموں میں امن کے خلاف ہیں اورمختلف مذاہب کے درمیان اختلافات پیدا کرنا چاہتے ہیں۔
دریں اثنا ء مظاہرین جموں شہر کے مسلم اکثریتی علاقے گوجر نگر میں جمع ہوئے اور گستاخ بی جے پی رہنمائوں کے خلاف احتجاج کیا۔علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے بھاری تعداد میں بھارتی فورسز کو تعینات کیاگیا ہے۔سرکاری عہدیداروں نے بتایا کہ مظاہرین جونوپور شرما کی گرفتاری کا مطالبہ کر رہے تھے ، بعدمیں پرامن طور پر منتشر ہو گئے۔