جموں :پرگوال کے رہائشیوں کا حد بندی رپورٹ کے خلاف احتجاج
جموں 19 فروری (کے ایم ایس) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں جموں خطے کے علاقے پرگوال کے رہائشیوں نے بھارتی حد بندی کمیشن کی مسودہ رپورٹ کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔
پرگوال میں سینکڑوں لوگ جمع ہوئے اور چھمب اسمبلی حلقہ کا نام دوبارہ کھور Khour رکھنے پر شدید احتجاج کیا۔ مظاہرین کی قیادت کانگریس کے سینئر رہنما تارا چند کر رہے تھے۔ مقامی لوگوں نے پرگوال تحصیل کو اکھنور اسمبلی حلقے میں ضم کرنے پر سخت اعتراض کیا جو پہلے چھمب اسمبلی حلقہ کا حصہ تھاجب کہ چوکی چورا تحصیل اور مائرہ مندریاں تحصیل کو مجوزہ کھور اسمبلی حلقہ میں ضم کر دیا گیا ہے۔
تارا چند نے اس موقع پر کہا کہ کھوڑ سے چوکی چورا کا فاصلہ تقریباً 100 کلو میٹر ہے اور ایسا لگتا ہے کہ حد بندی کمیشن نے زمینی حقائق کو نظر انداز کرتے ہوئے ان تحصیلوں کو چھمب اسمبلی حلقہ میں ضم کر دیا تاکہ بی جے پی کو فائدہ پہنچے۔