بھارت ہندوتوا پالیسیاں ترک اور مسلمانوں کو نشانہ بنانا بند کرے،چینی سکالر
بیجنگ 13جون (کے ایم ایس)چین کے دانشورپروفیسرچینگ ژی ژونگ نے بھارت کو خبردار کیا ہے کہ وہ ہندوتوا پالیسیاں ترک کرے اور اپنی اقلیتوں خصوصا مسلمانوں کو نشانہ بنانا بند کرے۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق سائوتھ ویسٹ یونیورسٹی آف پولیٹیکل سائنس اینڈ لا ء کے وزیٹنگ پروفیسرچینگ ژی ژونگ نے ایک بیان میں کہاکہ حالیہ دنوں میں بھارت کے بڑے شہروں میں وسیع پیمانے پر مظاہرے ہوئے ہیں جن میں حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے ان دو اراکین کو گرفتار کرکے سزا دینے کا مطالبہ کیا گیا جنہوں نے حضور اکرم حضر ت محمدۖ کے بارے میںگستاخانہ الفاظ استعمال کیے۔انہوں نے بھارتی حکام پر زور دیا کہ وہ مثبت طور پر اس کاجواب دیں کیونکہ اس سے نہ صرف بھارتی مسلمانوں بلکہ ساری اسلامی دنیا کے جذبات کی عکاسی ہوتی ہے۔تاہم انہوں نے کہا کہ بھارتی حکام نے مظاہرہ کرنے والے نہتے مسلمانوں پر وحشیانہ تشددکیا اور انہیں دبانے کے لئے سیکورٹی فورسز کو استعمال کیا۔انہوں نے عالمی برادری سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ مسلمانوں پربھارتی حکام کے مظالم کا نوٹس لے ۔ انہوں نے بھارتی مسلمان مظاہرین پر بھارتی فورسز کی جانب سے طاقت کے بے دریغ استعمال کی شدید مذمت کی۔انہوں نے کہاکہ بھارتی حکام کی جانب سے نیشنل سیکورٹی اداروں کے ساتھ مل کر مسلمانوں کو دبانے کے عمل سے بھارت میں اسلام دشمنی کا بڑھتا ہوا رجحان اور ہندو انتہا پسندی بے نقاب ہوئی ہے۔