مقبوضہ جموں وکشمیرمیں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں860 107بچے یتیم
بھارتی فوجیوں نے مزید چارکشمیری نوجوان شہید کر دیے
سرینگر19جون (کے ایم ایس)آج جب دنیا بھر میں والد کا عالمی دن منایا جا رہا ہے ، غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں ہزاروں والدین سفاک بھارتی فوجیوں کی طرف سے پرامن مظاہرین پر براہ راست فائرنگ سے،تلاشی کارروائیوں اور حراست کے دوران اپنے بیٹوں سے محروم ہوچکے ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جون کی تیسرے اتوار کو عالمی سطح پروالد کا دن منایا جاتا ہے تاکہ بچوں کی زندگیوں میں والد اور والد جیسی شخصیات کے کردارکااعتراف کیاجائے ۔ گزشتہ33سال میں بھارت کی مسلسل ریاستی دہشت گردی کی وجہ سے مقبوضہ جموں وکشمیر میں ایک لاکھ 7ہزار860بچے یتیم اور 22ہزار944خواتین بیوہ ہوئیں۔ مقبوضہ جموں وکشمیرمیں 2010سے پرامن مظاہرین پر بھارتی فوجیوں اور پیراملٹری فورسز کی طرف سے مہلک چھروں کے استعمال سے سینکڑوں نوجوان اپنی بینائی سے محروم ہو چکے ہیں۔ ہزاروں کشمیری جن میں زیادہ تر بچے ہیں ،بھارتی فورسزکی طرف سے پیدا کئے گئے خوف ودہشت کے ماحول کی وجہ سے نفسیاتی صدمے کا سامنا کر رہے ہیں ۔
بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائیوں کے دوران آج کپواڑہ اور کولگام کے اضلاع میں چار نوجوانوں کو شہید کر دیا۔ فوجیوں نے دو نوجوان کو کپواڑہ کے علاقے لولاب جبکہ دیگردو کولگام کے علاقے ایچ ڈی پورہ میں محاصرے اورتلاشی کی ایک کارروائی کے دوران شہید کیا۔ آخری اطلاعات تک دونوں علاقوں میں بھارتی فوج کا آپریشن جاری تھا۔ بھارتی پولیس نے ہندواڑہ کے علاقے کرالہ گنڈ میں تین نوجوانوں کو گرفتار کرلیا۔
دریں اثنا ءجماعت اسلامی مقبوضہ جموں و کشمیر سے وابستہ فلاح عام ٹرسٹ کے زیر انتظام چلنے والے اسکولوں کی بندش کی وجہ سے ہزاروں کشمیری طلباءکا تعلیمی مستقبل خطرے میں پڑگیاہے۔ مودی کی فسطائی بھارتی حکومت نے محکمہ تعلیم سے کہا ہے کہ وہ اگلے 15دنوں میں یہ سکول بند کردے۔ فلاح عام ٹرسٹ نے کسی بھی غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزامات کی سختی سے تردید کی ہے۔
پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ فلاح عام ٹرسٹ کے سکولوں پر پابندی علاقے کے لوگوں کے مستقبل کو سبوتاژ کرنے کی مودی حکومت کی نئی چال ہے۔ انہوں نے کہا کہ زمینوں پر قبضے ، وسائل اور ملازمتوںپر ہاتھ صاف کرنے کے بعد مودی کشمیریوں کی تعلیم کو ہدف بنا رہے ہیں۔
۔ بھارت کے سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن نے سرینگر کے علاقے زکورہ میں کشمیری تاجر شوکت چوہدری کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا۔
جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی ، جموں و کشمیر پیپلز لیگ اور ڈاکٹر مصعب سمیت حریت رہنماﺅں اورتنظیموں نے اپنے بیانات میں ممتاز اسلامی
اسکالر ڈاکٹر قاضی نثار احمد کوان کے28ویں یوم شہادت پرشاندار خراج عقیدت پیش کیا۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے سرینگر میں ایک بیان میں افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ایک گردوارے پر بزدلانہ حملے کی مذمت کی ہے۔