مقبوضہ جموں و کشمیر میں سرینگر جموں ہائی وے ، مغل روڈ دوسرے روز بھی بند
سرینگر22جون(کے ایم ایس)غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں وادی کشمیر کو باقی دنیا سے ملانے والا واحدزمینی راستہ سرینگر جموں ہائی وے شدید بارشوں ، چٹانیں اورمٹی کے تودے گرآنے کی وجہ سے آج دوسرے روز بھی بند رہا ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق شوپیاں کوپونچھ اورراجوری اضلاع کے ساتھ ملانے والامغل روڈ بھی مٹی کے تودے گرنے کی وجہ سے بند ہے۔ایک ٹریفک عہدیدار نے صحافیوں کو بتایا کہ جموں سرینگر ہائی وے ضلع رامبن میں کئی مقامات پر چٹانیں اور مٹی کے تودے گرنے کی وجہ سے بند ہے۔ محکمہ ٹریفک نے کہا کہ پوری شاہراہ پرشدید بارش اور پینتھیال اور دیگر مقامات پر مٹی کے تودے اور چٹانیں گرآنے کی وجہ سے تقریباً 3000چھوٹی بڑی گاڑیاں ہائی وے پر پھنسی ہوئی ہیں۔انہوں نے کہاکہ آج دونوں جانب سے ہائی وے پر کسی گاڑی کو آنے یا جانے کی اجات نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مغل روڈ بھی پوشانا میں مٹی کے تودے گرنے کی وجہ سے بند ہے اورمسافروں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ ٹریفک کنٹرول یونٹ جموں یاسرینگر سے سڑک کی نوعیت کے بارے میں معلومات حاصل کئے بغیر مغل روڈ پر سفر نہ کریں۔