بھارتی حکومت نے تپن کمار ڈیکا کو انٹیلی جنس بیورو کا نیا سربراہ مقرر کر دیا
نئی دہلی، 25 جون (کے ایم ایس): نریندر مودی کی زیرقیادت ہندوستانی حکومت نے تپن کمار ڈیکا Tapan Kumar Deka کو انٹیلی جنس بیورو (آئی بی) کا ڈائریکٹر مقرر کیا ہے جبکہ ریسرچ اینڈ اینالائسز ونگ (را) کے سربراہ سمنت گوئل کی مدت ملازمت میں مزید ایک برس کی توسیع کر دی گئی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ڈیکا بھارتی پرسونل منسٹری کی طرف سے جاری کردہ ایک حکم نامے کے تحت دو سال کی مدت کے لیے آئی بی کے نئے سربراہ کا عہدہ سنبھالیں گے۔ ہماچل پردیش کیڈر سے 1988 بیچ کے افسرتپن کمار ڈیکا اروند کمار کی جگہ لیں گے جو 30 جون کو اپنا عہدہ چھوڑ دیں گے۔ڈیکا مقبوضہ جموں و کشمیر کے ساتھ ساتھ شمال مشرق میں آپریشنز کے امور کے ماہر سمجھے جاتے ہیں۔ وہ اس وقت آئی بی کے آپریشنز ونگ کے سربراہ ہیں جس میں وہ دو دہائیوں سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔
ڈیکا کوجنکا تعلق آسام سے ہے، بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ نے 2019 میں شہریت ترمیمی قانون کے نفاذ کے بعد آسام کو ہلا کر رکھ دینے والے مظاہروں کے بعد پیدا ہونے والی غیر مستحکم صورتحال سے نمٹنے کے لیے ان کی آبائی ریاست بھیجا تھا۔
وزارت نے خفیہ ادارے”را“ کے سربراہ سمنت گوءکی میعاد میں مزید ایک سال کی توسیع کر دی ہے۔