جی ۔ 20ممالک متنازعہ جموں وکشمیر میں اجلاس کے انعقاد سے گریزکریں، حریت رہنما
سرینگر27 جون (کے ایم ایس)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماﺅں، تنظیموں نے جی 20 ممالک کو خبردار کیا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی طرف سے متنازعہ قرار دیے گئے جموںوکشمیر میں کانفرنس کا انعقاد کر کے عالمی ادارے کی ساکھ کو مجروح کرنے سے گریز کریں۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماو¿ں مولوی بشیر احمد عرفانی، ایڈوکیٹ دیویندر سنگھ بہل، ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی، جموں و کشمیر مسلم لیگ اور جموں و کشمیر مسلم کانفرنس نے سرینگر میں جاری اپنے بیانات میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں جی 20 اجلاس منعقد کرنے کے بھارتی منصوبے کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام بین الاقوامی طور پر متنازعہ جموں و کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کو جائز قرار دینے کے متراد ف ہے۔انہوںنے کہا کہ ان ملکوں کو جو انسانی حقوق اور شہری آزادیوں کی حمایت کر رہے ہیں جموں و کشمیر کا دورہ کرنے کا فیصلہ کرنے سے پہلے مقبوضہ علاقے میں دس لاکھ سے زائد بھارتی قابض فوجیوں کی طر ف سے جاری انسانی حقوق کی منظم خلاف ورزیوں کو مدنظر رکھنا چاہیے۔انہوںنے کہا کہ ان ملکوں کو بھارت سے مطالبہ کرنا چاہیے کہ وہ تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کرے۔ حریت رہنماﺅں اور تنظیموں نے مزید کہا کہ بھارت نے جموں و کشمیر کی سرزمین پر قبضہ جما رکھا ہے اور کشمیری اسکی غلامی سے آزادی کیلئے بیش بہا قربانیاں دے رہے ہیں۔ انہوں نے بھارت پر بھی زور دیا کہ وہ متنازعہ جموںوکشمیر میں جی 20 ملکوں کے اجلاس کے انعقاد کے بجائے جنوبی ایشیا کو پرامن، مستحکم اور خوشحال بنانے کے لیے کشمیریوں کو انکا پیدائشی حق، حق خود ارادیت دے۔