ٹوئٹرنے ممتاز بھارتی صحافی رعنا ایوب کے اکائونٹ پربھارت میں پابندی عائد کر دی
نئی دلی 27 جون (کے ایم ایس)
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر نے بھارت کی معروف صحافی رعنا ایوب کے اکائونٹ پر انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ 2000کے تحت بھارت میں پابندی عائد کر دی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق رعنا ایوب نے اپنے ٹوئٹر اکائونٹ پر نوٹس پوسٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ‘ہیلو ٹوئٹر، آخر یہ کیا ہے؟’ٹوئٹر سے جاری نوٹس میں کہاگیا ہے کہ بھارت کے مقامی قوانین کے تحت اپنی ذمہ داریوں کی تعمیل کرتے ہوئے اس اکائونٹ کو بھارت میں میں بلاک کردیاگیا ہے۔ نوٹس کے مطابق ٹویٹر ان لوگوں کی آوازوں کے تحفظ اور احترام پر پختہ یقین رکھتا ہے جو ہماری سروس استعمال کرتے ہیں اگر ہمیں کسی مجاز ادارے (قانون نافذ کرنے والے ادارے یا سرکاری ایجنسی)کی جانب سے مواد کو ہٹانے کی قانونی درخواست موصول ہوتی ہے۔ تواکائونٹ ہولڈرزکو ہم یہ معلوم کرنے کے لیے نوٹس بھیجتے ہیں کہ آیا صارف اس ملک میں رہتا ہے جہاں سے اپیل کی گئی ہے یا نہیں؟ اس ایکشن پر ٹینس کھلاڑی مارٹینا ناوراٹیلوا نے بھی سوال اٹھایا ہے۔ انھوں نے کہاہے "تو اگلا کون ہے؟ یہ خوفناک صورتحال ہے۔” انہوں نے اس پوسٹ میں رعنا ایوب اور ٹوئٹر کو ٹیگ کیا ہے۔
دریں اثنا پرسار بھارتی کے سابق سی ای او ششی شیکھر ویمپتی نے کہا ہے کہ ٹوئٹر کا نوٹس یا تو اچانک ہو سکتا ہے یا ماضی کے کسی واقعے پر دیر سے دیا گیا ردعمل ہوگا۔انہیں بھی گزشتہ سال ٹویٹر سے ایسی ای میل موصول ہوئی تھی۔