مقبوضہ کشمیر:قابض انتظامیہ کے پنتھہ چھوک میں دکانیں بند کرنے کے حکم پر تاجروں کا احتجاج
سرینگر 29 جون (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں دکانداروں نے قابض حکام سے امرناتھ یاترا کے اختتام تک سرینگر کے نواحی علاقے پنتھہ چھوک میں دکانیں بند رکھنے کے فیصلے پر نظر ثانی کی اپیل کی ہے ۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق بڑی تعداد میں دکانداروں نے پریس انکلیو سرینگر میں جمع ہوکر امرناتھ یاترا کے پیش نظر دکانیں بند رکھنے کے قابض انتظامیہ کے فیصلے کے خلاف احتجاج مظاہرہ کیا ۔43روزہ امرناتھ یاترا جمعرات کو شروع ہوگی جو 11اگست تک جاری رہے گی ۔مظاہرے میں شامل ایک دکاندار سہیل احمد نے میڈیا کو بتایا کہ قابض انتظامیہ نے انہیں اپنی دکانیں 40دن کے لیے بند کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ ظلم ہے ،ہمارے خاندان بھوکے مر جائیں گے۔ ہم پہلے ہی معاشی طور پر کمزور ہیں۔مظاہرے میں شامل دکانداروں کا کہنا تھا کہ یاتری جو راستہ استعمال کریں گے وہ ان کی دکانوں سے کافی دور ہے لیکن پھر بھی قابض حکام نے انہیں دکانیں بند رکھنے کی ہدایت کی ہے ۔انہوں نے کہاکہ علاقے میں کم سے کم 60 دکانیں موجودہیں جو بند کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے داد رسی کیلئے ہر دروازہ کھٹکھٹایا لیکن کسی نے ہماری بات نہیں سنی۔